قومی ایئر لائن پی آئی اے نے خلیجی ممالک کے لیے اپنا فلائٹ آپریشن بحال کر دیا ہے، تاہم مختلف ایئرپورٹس سے پروازوں کی روانگی میں تاخیر اور منسوخی کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
نجی ٹی وی چینل(ہم) کے مطابق، اسلام آباد، لاہور اور کراچی سمیت دیگر ایئرپورٹس سے روانہ ہونے والی 55 پروازیں شیڈول سے تاخیر کا شکار ہوئیں۔ اسلام آباد سے دبئی جانے والی پی آئی اے کی ایک پرواز 15 گھنٹے تاخیر کا سامنا کر چکی ہے، جب کہ بحرین سے اسلام آباد کی دو پروازیں 4 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہوئیں۔
ذرائع کے مطابق، کراچی سے جدہ، دوحہ اور استنبول کے لیے پی آئی اے کی آٹھ پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جب کہ کراچی سے دبئی جانے والی دو غیر ملکی ایئر لائنز کی پروازیں بھی منسوخ ہوئیں۔
اسی طرح، لاہور سے شارجہ، مسقط اور ریاض کے لیے پانچ پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جب کہ شارجہ سے پشاور، دبئی اور ابوظبی کے لیے پی آئی اے کی پانچ پروازیں منسوخ ہوئیں۔
علاوہ ازیں، لاہور سے مدینہ جانے والی پی آئی اے کی پرواز 13 گھنٹے تاخیر کا شکار رہی، جب کہ دمام جانے والی ایک پرواز بھی غیر معمولی تاخیر سے دوچار ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق، پروازوں کی تاخیر کی وجوہات میں آپریشنل مسائل اور خلیج میں حالیہ فضائی سکیورٹی اقدامات شامل ہیں۔ پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ تمام مسافروں کو متبادل پروازوں کی فراہمی اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔





