پشاور: خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی نے خیبر روڈ پر واقع اسمبلی گیٹ تک ریڈ زون ختم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
یہ فیصلہ صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے دوران سامنے آیا، جہاں حالیہ مظاہروں اور پولیس ایکشن پر ارکان اسمبلی کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس کے دوران ایم پی اے ریحانہ اسماعیل نے گزشتہ روز سرکاری ملازمین پر ہونے والے لاٹھی چارج اور آنسو گیس شیلنگ کی مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مظاہرین پر بے رحمانہ تشدد کیا گیا، حالانکہ وہ صرف اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کر رہے تھے۔
اس پر صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مظاہرین پر کسی قسم کے تشدد یا شیلنگ کا حکم نہیں دیا۔ ان کے مطابق مظاہرین نے ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی، جس پر پولیس نے حفاظتی اقدام کے طور پر کارروائی کی۔
اس معاملے پر اسپیکر بابر سلیم سواتی نے وزیر قانون سے استفسار کیا کہ ریڈ زون کی حدود کہاں سے شروع ہوتی ہیں، جس پر وزیر قانون نے بتایا کہ ریڈ زون کا آغاز صوبائی اسمبلی کی عمارت سے ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا حکومت میں نئے وزراء شامل کیے جارہے ہیں، بیرسٹر سیف
اسپیکر نے ہدایت کی کہ اسمبلی کے مین گیٹ تک ریڈ زون ختم کیا جائے اور عوام کو وہاں تک آنے کی اجازت دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ججوں اور سیکیورٹی افسران کی رہائش گاہیں اسمبلی کے آگے واقع ہیں، لہٰذا عوام کو اسمبلی کے باہر احتجاج کا حق دیا جانا چاہیے۔
انہوں نے سکیورٹی ناکہ ختم کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ ہم عوام کے نمائندے ہیں، اگر عوام اپنے نمائندوں کے سامنے بھی احتجاج نہ کر سکیں تو پھر وہ کہاں جائیں گے؟





