ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس ہزارہ ناصر محمود ستی کی زیر صدارت محرم الحرام 2025 کے دوران امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔
اجلاس میں ایبٹ آباد، ہریپور اور مانسہرہ کے ضلعی پولیس افسران (ڈی پی اوز)، علمائے کرام، اہلِ تشیع کے رہنما اور امن کمیٹیوں کے عہدیداران نے شرکت کی، اجلاس میں ڈی پی اوز نے اپنے اپنے اضلاع میں محرم الحرام کے لیے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہزارہ پولیس نے محرم الحرام کے دوران امن و امان قائم رکھنے کے لیے تمام تر تیاری مکمل کر لی ہے اور تینوں اضلاع میں سیکیورٹی کے موثر انتظامات کیے جا چکے ہیں۔
ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام اور اکابرین سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مثبت کردار خطے میں امن کے قیام میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے، کسی بھی ممکنہ بد نظمی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ ڈی پی او کو مطلع کیا جائے تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
ڈی آئی جی نے علمائے کرام سے اپیل کی کہ وہ جمعہ المبارک کے اجتماعات میں فرقہ واریت کے خاتمے اور امتِ مسلمہ کے اتحاد پر زور دیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ نفرت انگیز تقاریر، وال چاکنگ اور سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: محرم الحرام پر پشاور میں فول پروف سیکیورٹی پلان کے تحت اضافی پولیس نفری تعینات
اجلاس کے اختتام پر شرکا نے ڈی آئی جی ہزارہ کا شکریہ ادا کیا اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی، آخر میں پاکستان کی بقا، سلامتی اور قیامِ امن کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔





