بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر پاکستان کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی، وزیرِاعظم

بھارتی جارحیت کے خلاف فتح کے بعد دنیا میں پاکستان کا وقار مزید بلند ہوا، وزیرِاعظم

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان پر بھارت کی حالیہ بلاجواز جارحیت کے خلاف افواج پاکستان اور پوری سیاسی قیادت کی یکجہتی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہمیں شاندار فتح حاصل ہوئی ہے جس نے نہ صرف پاکستان کو عالمی سطح پر عزت و وقار بخشا بلکہ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

وزیرِاعظم شہبازشریف نے کہا کہ افواج پاکستان، سیاسی قیادت، عوام، سول سوسائٹی اور میڈیا نے متحد ہو کر دشمن کی سازشوں کو ناکام بنایا ہے۔

وزیراعظم انہوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سفارتی وفد کی کوششوں کو بھی سراہا جس نے بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کا موقف مؤثر انداز میں پیش کیا اور بھارت کے پاکستان مخالف عزائم کو بے نقاب کیا۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں نے بھی سفارتی وفد کا شاندار استقبال کیا اور حکومت و افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کے دوران پاکستان کی جانب سے ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ اسرائیل ایران تنازعے کے پرامن حل سے خطے میں امن و خوشحالی کے دروازے کھلیں گے۔

بجٹ 2025 کی منظوری کے بعد وزیرِاعظم نے سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ارکان سے ملاقات کی جہاں انہوں نے معاشی ٹیم کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ عوام دوست بجٹ ہے جو تمام اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔

وزیرِاعظم شہبازشریف نے اتحاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہی اتحاد پاکستان کی معاشی ترقی کی ضمانت ہے اور سب کو مل کر محنت کرنی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: دریائے سوات میں طغیانی، درجن سے زائد سیاح ڈوب گئے

اجلاس میں چئیرمین سینیٹ، وفاقی کابینہ اور پارلیمانی ارکان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

Scroll to Top