پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے اگلے مالی سال کے بجٹ میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کئی اہم منصوبوں کے لیے فنڈز مختص کیے ہیں۔ ان میں صحت کارڈ، پشاور بی آر ٹی اور فوڈ سیکیورٹی پروگرام شامل ہیں۔
صحت کارڈ منصوبہ، جو حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے، کے لیے اس سال 41 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس رقم میں سے 35 ارب روپے بندوبستی اضلاع کے لیے اور 6 ارب روپے ضم اضلاع کے لیے رکھے گئے ہیں۔ صحت کارڈ کے ذریعے عوام کو مفت علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔
اسی طرح پشاور کے بی آر ٹی منصوبے کے لیے 8 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جن میں 4 ارب روپے آپریشنل اخراجات اور 4 ارب روپے نئی بسوں کی خریداری کے لیے ہیں۔ بی آر ٹی روزانہ لاکھوں مسافروں کی سہولت کا ذریعہ ہے۔
فوڈ سیکیورٹی کے لیے بھی 12.1 ارب روپے کا بجٹ دیا گیا ہے، جس میں 10.1 ارب بندوبستی اضلاع اور ڈیڑھ ارب ضم اضلاع کے لیے مختص ہیں۔ اس میں احساس راشن پروگرام بھی شامل ہے جس کے تحت غریب عوام کو راشن فراہم کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : سوات واقعہ حکومت اور مقامی انتظامیہ کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، اجمل وزیر
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ منصوبے عوام کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے اور معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔





