کنشاسا/کیگالی: امریکی ثالثی کے نتیجے میں روانڈا اور جمہوریہ کانگو کے درمیان ایک تاریخی امن معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان طویل کشیدگی کا خاتمہ اور خطے میں استحکام کو فروغ دینا ہے۔
عالمی خبر ایجنسیوں کے مطابق دونوں فریقین نے 2024 کے آغاز میں طے پانے والے ابتدائی معاہدے پر عملدرآمد کے لیے عملی اقدامات پر اتفاق کر لیا ہے۔ معاہدے کے تحت روانڈا آئندہ 90 دنوں کے اندر اپنی افواج کانگو کی سرزمین سے واپس بلائے گا۔
دونوں ممالک نے 30 دن کے اندر مشترکہ سیکیورٹی تعاون کا نظام تشکیل دینے اور فعال بنانے پر بھی رضامندی ظاہر کی ہے۔ اس نظام کے تحت بارڈر سیکیورٹی، انسداد دہشت گردی اور معلومات کے تبادلے میں تعاون شامل ہوگا۔
امن معاہدے کا ایک اور اہم پہلو یہ ہے کہ فریقین مستقبل میں مشترکہ اقتصادی انضمام کے ایک منصوبے پر بھی کام کریں گے، جس سے نہ صرف باہمی تعلقات مضبوط ہوں گے بلکہ پورے خطے میں ترقی و خوشحالی کو فروغ ملے گا۔
یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ نے ناقابلِ یقین جنگ بندی کرا کے دنیا کو حیران کر دیا، وائٹ ہاؤس
امریکی محکمہ خارجہ نے اس پیشرفت کو افریقی براعظم کے لیے ایک مثبت سنگ میل قرار دیا ہے، اور امید ظاہر کی ہے کہ یہ معاہدہ دیگر متنازعہ خطوں کے لیے بھی ایک ماڈل ثابت ہو گا۔





