گورنر خیبرپختونخوا اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات، سانحہ سوات پر وزیراعلیٰ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ نے ملاقات کی۔

دونوں رہنماؤں نے مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد صوبائی حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس غیرمعینہ مدت تک ملتوی کیے جانے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے اسے نہ صرف جمہوری اصولوں کی خلاف ورزی بلکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی توہین قرار دیا۔

ملاقات میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اسمبلی اجلاس کا التوا دراصل مخصوص نشستوں کے متعلق عدالتی فیصلے کو تسلیم نہ کرنے کے مترادف ہے، جو قابلِ تشویش ہے۔

ملاقات کے دوران دریائے سوات میں پیش آئے حالیہ افسوسناک سانحے پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا، جس میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ گورنر اور اپوزیشن لیڈر نے اس واقعے کو حکومتی بے حسی اور نااہلی کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہوزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سیاحت کا محکمہ اپنے پاس رکھا ہوا ہے، اس لیے سیاحوں کی ہلاکتوں کے براہ راست ذمہ دار وہ خود ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا فوری طور پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی افسران اور ریسکیو اہلکاروں کو معطل کر کے وزیراعلیٰ اپنی اصل ذمہ داری سے فرار حاصل نہیں کر سکتے۔

ملاقات کے اختتام پر گورنر اور اپوزیشن لیڈر نے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیا کہ سانحہ سوات کے جاں بحق افراد کے لواحقین کو فوری مالی امداد فراہم کی جائے، تاکہ متاثرہ خاندانوں کی کسی حد تک دادرسی ہو سکے۔

Scroll to Top