مون سون کا آٹھواں سپیل، وزیراعظم کی ہنگامی امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کا حکم

وزیرِ اعظم کا چیئرمین این این ڈی ایم اے سے رابطہ، اداروں کے مابین ہم آہنگی کی ہدایت

 وزیرِ اعظم شہباز شریف نے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور حالیہ بارشوں کے اثرات اور ان سے متعلق ممکنہ خطرات پر بریفنگ لی۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیرِ اعظم کو مختلف علاقوں میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات، خطرات اور جاری امدادی کارروائیوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ وہ ملک بھر، خصوصاً بالائی علاقوں میں، صوبائی حکومتوں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں اور ہر ممکن معاونت فراہم کریں تاکہ متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر امداد فراہم کی جا سکے۔

وزیراعظم نے ریسکیو اداروں، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ صوبائی اداروں کے ساتھ رابطوں کو مزید فعال اور مربوط بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت کارروائی یقینی بنائی جائے تاکہ نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے اور متاثرین کی مدد کی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا،پنجاب،سندھ اور کشمیرمیں اربن فلڈنگ اورسیلاب کا خطرہ، این ڈی ایم اے کا انتباہ 

دوسری جانب این ڈی ایم اے نے گلگت بلتستان، چترال، اپردیر، سوات اور کمراٹ ویلی میں گلیشیئر پھٹنے کا خدشہ ظاہر کیا ہےسوات، ہنارچی، ترسات ہندور، دارکوٹ اور اشکومن میں گلیشیئر پگھلنے سے سیلابی صورتحال کا خطرہ ہے۔

Scroll to Top