سوات میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے مالی معاوضے کی فوری فراہمی کی اپیل کی ہے۔
گورنر کنڈی کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والے افراد کے خاندان شدید صدمے سے دوچار ہیں، جن کی فوری مالی معاونت نہایت ضروری ہے تاکہ وہ اس مشکل وقت میں سہارا حاصل کر سکیں۔
انہوں نے واقعے کی ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ دریائے سوات میں پیش آنے والا یہ سانحہ خیبرپختونخوا حکومت کی مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق، اگر بروقت حفاظتی اقدامات کیے جاتے تو کئی قیمتی جانوں کو بچایا جا سکتا تھا۔
گورنر نے واقعے کی شفاف تحقیقات اور غفلت کے مرتکب عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا، تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل دریائے سوات میں پانی کے بے رحم ریلے میں بہہ کر جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 12 ہو چکی ہے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔





