سوات/ڈسکہ: وزیر دفاع خواجہ آصف سوات حادثے میں جاں بحق افراد کے گھروں پہنچے اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی۔
انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں، حکمرانوں کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا۔
خواجہ آصف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ریسکیو ٹیمیں بروقت کارروائی کرتیں تو قیمتی جانیں بچائی جا سکتی تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کے حکمرانوں پر اس واقعے کا کتنا اثر ہوا، یہ وہ خود ہی بہتر جانتے ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام بھی ڈسکہ پہنچے، جہاں انہوں نے حادثے میں جاں بحق چار بہنوں کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا۔
یہ بھی پڑھیں : سوات سانحہ صوبائی حکومت کی نااہلی، ان کی ترجیحات لوٹ مار ہیں، گورنر فیصل کریم کنڈی
حکام کی جانب سے واقعے کی تحقیقات اور ریسکیو نظام میں بہتری پر زور دیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔





