سپریم کورٹ نے دور دراز علاقوں کے وکلا اور سائلین کو ویڈیولنک کے ذریعے پیشی کی سہولت دیدی

سپریم کورٹ آف پاکستان نے ویڈیو لنک سہولت کو ملک کے دور دراز علاقوں میں رہائش پذیر وکلا اور سائلین کے لیے توسیع دے دی ہے۔

سرکاری میڈیا(پی ٹی وی نیوز) کے مطابق یہ سہولت سندھ ہائی کورٹ ڈویژن بینچ سکھر اور پشاور ہائی کورٹ کے چار بینچوں ایبٹ آباد، مینگورہ (سوات)، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں کامیابی سے قائم کر دی گئی ہے۔

یہ سہولت دور دراز علاقوں سے وکلا اور سائلین کو طویل سفر کی زحمت سے بچاتے ہوئے سپریم کورٹ میں بذریعہ ویڈیو لنک پیش ہونے کے مواقع فراہم کرتی ہےجس سے وقت اور وسائل کی قابلِ قدر بچت ممکن ہوتی ہے۔

اس نظام کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے اور وکلا کو ویڈیو لنک کے ذریعے مقدمات کی سماعت کے لیے درخواست دینے کی ترغیب دی جاتی ہے۔

یہ اقدام سپریم کورٹ کے اس وسیع تر وژن کا حصہ ہے جس کے تحت عوامی مرکزیت کو فروغ دینے کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو عدالتی نظام میں ضم کیا جا رہا ہے تاکہ یہ نظام زیادہ شفاف، فعال اور جوابدہ بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان کا کشن گنگا اور رتلے پن بجلی منصوبوں پر عالمی ثالثی عدالت کے ضمنی فیصلے کا خیرمقدم

سہولت عدالتی کارروائیوں کو جدید خطوط پر استوار کرتی ہے اور اس امر کو یقینی بناتی ہے کہ جغرافیائی رکاوٹیں کسی شہری کے لیے انصاف تک رسائی میں حائل نہ ہوں۔سہولت دیگر صوبوں کے دور دراز علاقوں تک بھی توسیع دی جائے گی اور اس سلسلے میں اقدامات جاری ہیں-

Scroll to Top