وزیر اعظم شہباز شریف نے تربیلا ڈیم کے اسپل وے آپریشن کے باعث دریائے سندھ کے زیریں علاقوں میں طغیانی کے شدید خدشے کا اظہار کیا ہے اور متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایت جاری کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ دریائے سندھ کے کنارے واقع اضلاع میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے عوام کو بروقت آگاہ کیا جائے تاکہ کسی بھی جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ انہوں نے این ڈی ایم اے، ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حالیہ بارشوں کے باعث کئی علاقوں میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، اس لیے پیشگی اقدامات ناگزیر ہیں۔
ادھر پنجاب کے اضلاع اٹک اور ڈیرہ غازی خان میں ممکنہ سیلابی کیفیت کے پیش نظر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔
مریم نواز نے کہا ہے کہ طغیانی کے باعث جانی و مالی نقصان سے بچنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں اور نشیبی علاقوں سے عوام کی محفوظ مقامات پر منتقلی یقینی بنائی جائے۔
وزیراعلیٰ نے ریسکیو اداروں کو ہنگامی پلان پر فوری عمل درآمد کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔




