محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور کہیں کہیں موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور بعض مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، کشمیر، شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان اور بالائی سندھ میں بارش کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
پشاور، مردان، سوات، دیر، چترال، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہنگو، کرم، بنوں، ڈی آئی خان، وزیرستان، مالاکنڈ اور باجوڑ میں بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو سکتا ہے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے، لہٰذا متعلقہ اداروں اور شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔





