وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ حوالہ ہنڈی مافیا کے خلاف بھرپور اور بلاامتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے، اور اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث ’’بڑے لوگوں‘‘ پر بھی ہاتھ ڈالا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی قسم کا دباؤ قبول کیے بغیر کارروائی کی جائے، کیونکہ قانون سے کوئی بالا نہیں۔
محسن نقوی نے ایف آئی اے کراچی زون کے دورے کے دوران ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ حوالہ ہنڈی کے ذریعے قومی معیشت کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف فوری اور سخت اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے ایف آئی اے حکام کو ہدایت دی کہ اس مافیا کے بڑے کرداروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ طاقتور طبقے کو یہ پیغام جائے کہ رعایت کسی کو نہیں ملے گی۔
بھکاری مافیا، جعلی ادویات اور نان کسٹم مصنوعات کے خلاف بھی اقدامات کا حکم
وزیر داخلہ نے بھکاریوں کو غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک بھجوانے والے ایجنٹ گروہوں کے خلاف بھی سخت ایکشن کا حکم دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مافیا پاکستان کی عالمی ساکھ کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ بیرونِ ملک سے ڈی پورٹ ہوکر آنے والے بھکاریوں کی فوری گرفتاری یقینی بنائی جائے اور مفرور ایجنٹس کو دوسرے صوبوں کے تعاون سے گرفتار کیا جائے۔
مزید برآں، جعلی ادویات کے کاروبار پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ اس مکروہ دھندے میں ملوث افراد کی جگہ صرف جیل ہے۔ انہوں نے ایف آئی اے کو ہدایت دی کہ جعلی دواؤں کا کاروبار کسی صورت برداشت نہ کیا جائے اور اس میں ملوث افراد کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔
غیر قانونی کرنسی اسمگلنگ پر بھی سخت کارروائی کی ہدایت
محسن نقوی نے نان کسٹم پیڈ مصنوعات کی اسمگلنگ کے خلاف بھی بھرپور کارروائی کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ افراد جو 5 ہزار ڈالر سے زائد رقم غیر قانونی طور پر بیرون ملک لے جانے کی کوشش کرتے ہیں، ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے۔
ایف آئی اے کی بریفنگ اور اجلاس میں شریک افسران
اجلاس کے دوران ایف آئی اے کراچی زون کے ڈائریکٹر نعمان صدیق نے وزیر داخلہ کو زون کی کارکردگی اور درپیش چیلنجز سے متعلق بریفنگ دی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ساؤتھ مجاہد اکبر خان، ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی منی لانڈرنگ، امیگریشن، اینٹی کرپشن، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز سمیت ایف آئی اے ساؤتھ کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
محسن نقوی نے تمام افسران کو ہدایت دی کہ وہ مکمل غیرجانب داری اور پیشہ ورانہ مہارت سے کام لیتے ہوئے ملکی مفاد کو مقدم رکھیں، اور مجرمانہ نیٹ ورکس کو جڑ سے اکھاڑنے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔





