وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایران کے دورے پر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی جس میں ایرانی صدر نے پاکستان اور ایران کے درمیان مسلسل رابطے بڑھانے پر زور دیا، دوسری جانب ایرانی وزیر داخلہ نے علاقائی امن کے قیام کیلئے وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا ہے ۔
تہران: اس موقع پر ایرانی صدرکا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران باہمی تعاون کو تمام شعبوں میں مزید مضبوط علاقائی صلاحیتوں سے اپنی ضروریات پوری کرسکتے ہیں، امریکی دباؤ نے مسلم ممالک میں مزید قربت اور روابط کو فروغ دیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان تجارت، معیشت، سیاحت اور سیاست سمیت تمام شعبوں میں تعاون بڑھانےکے لیے پرعزم ہے، پاکستان ثقافت اور سائنس کے شعبوں میں بھی ایران سے تعاون مزید وسعت دےگا۔
اس سے قبل تہران پہنچنے پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے ایرانی ہم منصب سکندر مومنی سے ملاقات کی جس دوران پاک ایران دو طرفہ تعلقات اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: دشمن کے امن کی پیشکش کو مسترد نہیں کرنا چاہیے، ایرانی صدر
ایرانی وزیرداخلہ نے علاقائی امن واستحکام کیلئے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کاوشوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مسلسل کاوشوں کے شکرگزارہیں،پاکستان کا حالیہ دورہ بہت مفید رہا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ آنے والے وقت میں دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔





