شندور پولو فیسٹیول 2025 کا فائنل جیتنے والی چترال اے ٹیم نے گورنر ہاؤس پشاور کا دورہ کیا اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے ٹیم کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور ان کی محنت و لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ چترال کی پولو ٹیم نے نہ صرف کھیل کے میدان میں عمدہ کارکردگی دکھائی بلکہ علاقے کا نام بھی روشن کیا۔
اس موقع پر گورنر نے ٹیم کے اراکین کو تعارفی شیلڈز بھی پیش کیں۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ شندور پولو فیسٹیول پاکستان کا ایک اہم تاریخی، ثقافتی اور سیاحتی ایونٹ ہے جو مقامی افراد کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سیاحوں کے لیے بھی خاص کشش رکھتا ہے۔
انہوں نے ذاتی طور پر اس خواہش کا اظہار کیا کہ پولو جیسے روایتی کھیل کو عالمی سطح پر روشناس کرانے کے لیے مناسب توجہ اور وسائل فراہم کیے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے کھیلوں کا فروغ نہایت اہم ہے، اور وہ خود اس سلسلے میں تجاویز اور اقدامات پر غور کر رہے ہیں۔
ملاقات کے دوران شندور اور چترال پولو گراؤنڈز میں عالمی معیار کی سہولیات کی فراہمی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور ہائی کورٹ کا این ایچ اے کو ہزارہ موٹر وے کا مرمتی کام تین ماہ میں مکمل کرنے کا حکم
ٹیم کے ارکان نے گورنر کو چترال میں گھوڑوں کی دیکھ بھال اور علاج معالجے کے لیے ہسپتال میں سہولیات کی کمی سے بھی آگاہ کیا۔





