سوئی گیس کا نقشہ ہی بدلنے والا ہے، حکومت کا بڑا فیصلہ

وفاقی حکومت کا سوئی ناردرن اور سوئی سدرن گیس کمپنیوں کی تنظیم نو کا فیصلہ، دونوں کمپنیوں کو تقسیم کرکے 6 سے 8 نئے ادارے قائم کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا۔

وفاقی حکومت نے گیس کے شعبے میں اصلاحات اور اجارہ داری کے خاتمے کے لیے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) اور سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کی تنظیم نو کا منصوبہ حتمی شکل دے دی ہے۔

مجوزہ منصوبے کے تحت دونوں کمپنیوں کو تقسیم کرکے 6 سے 8 چھوٹے ادارے قائم کیے جائیں گے، جبکہ گیس کی ترسیل، تقسیم اور فروخت کے کاروبار کو بھی الگ الگ کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد گیس کے شعبے میں مسابقتی مارکیٹ قائم کرنا اور نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے حکام کے مطابق اصلاحاتی منصوبے کا خلاصہ وزیراعظم شہباز شریف کو اصولی منظوری اور رہنمائی کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔ وزیراعظم سے یہ بھی طے کرنے کی درخواست کی گئی ہے کہ منصوبے کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ، مشترکہ مفادات کونسل یا پارلیمنٹ سے حاصل کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں : آٹے کی قیمتوں سے متعلق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا بڑا حکم

یہ منصوبہ عالمی بینک، کے پی ایم جی اور ووڈ میکنزی کی تکنیکی معاونت سے تیار کیا گیا ہے، جبکہ آئی ایم ایف کو بھی اس حوالے سے اعتماد میں لیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی اجازت کے بعد ٹرانزیکشن ایڈوائزرز کی خدمات حاصل کی جائیں گی، جو منصوبے پر عمل درآمد کے لیے آئینی، قانونی، مالیاتی اور ریگولیٹری تقاضے پورے کرنے میں معاونت کریں گے۔

 اس عمل میں 5 سے 6 ماہ لگ سکتے ہیں، جبکہ اصلاحاتی منصوبے پر عملی پیش رفت 2027 کی چوتھی سہ ماہی میں شروع کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔منصوبے کے تحت دونوں سوئی کمپنیوں کے ترسیل اور تقسیم کے نظام کو گیس کی خرید و فروخت اور مارکیٹنگ کے کاروبار سے الگ کیا جائے گا، تاکہ نیٹ ورک چلانے والی کمپنیوں کا گیس فروخت کرنے میں براہِ راست مفاد نہ رہے اور نجی کمپنیوں کو بھی گیس کی فراہمی کے کاروبار میں مقابلے کا موقع مل سکے۔

پیٹرولیم ڈویژن نے کم از کم 4 گیس سپلائی کمپنیاں قائم کرنے کی تجویز دی ہے، جن میں 2 مسابقتی کمپنیاں تجارتی اور صنعتی صارفین کو گیس فراہم کریں گی، جبکہ 2 ریگولیٹڈ ادارے گھریلو صارفین کی ضروریات پوری کریں گے۔مجوزہ منصوبے کے مطابق سوئی کمپنیوں کو پہلے سال اپنے سپلائی اور صارفین کے پورٹ فولیو کا 20 فیصد حصہ مسابقتی کمپنیوں کے لیے کھولنا ہوگا، جس میں اگلے دو سال تک سالانہ 10 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔

 اس طرح مجموعی طور پر 60 فیصد مارکیٹ مسابقت کے لیے دستیاب ہو جائے گی۔دوسری جانب گیس کے شعبے کا 3 ہزار ارب روپے سے زائد کا گردشی قرضہ ایک خصوصی ادارے میں منتقل کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ اس ادارے کے اخراجات صارفین کے بلوں میں قرضوں کی ادائیگی کے سرچارج کے ذریعے پورے کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : خلیج میں بیٹھ کر سرکاری خزانہ لوٹنے والے 1623 ملازمین اور 202 ویران ہسپتال، انتشاری ٹولے کی 13 سالہ کارکردگی بے نقاب

مالیاتی تخمینوں کے مطابق ایس این جی پی ایل کے ترسیلی اور مسابقتی سپلائی شعبوں کو بالترتیب 24 ارب اور 36 ارب روپے منافع متوقع ہے، تاہم گھریلو صارفین کے شعبے کو 158 ارب روپے خسارے کا سامنا ہوسکتا ہے۔

اس خسارے کے ازالے کے لیے گیس کی قیمتوں میں بتدریج اضافے اور گھریلو بلنگ سلیب 12 سے کم کرکے ایک کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ مستحق صارفین کو براہِ راست سبسڈی فراہم کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

اسی طرح ایس ایس جی سی کے گھریلو صارفین کے شعبے کو 59 ارب روپے خسارہ متوقع ہے، جبکہ اس کے ترسیلی اور مسابقتی کاروبار کو بالترتیب 27.4 ارب اور 19.6 ارب روپے منافع ہوسکتا ہے۔

منصوبے کے تحت مالی سال 2027 سے 2032 تک ایس این جی پی ایل کے لیے 736 ارب روپے اور ایس ایس جی سی کے لیے 390 ارب روپے کی سرمایہ کاری درکار ہوگی۔ اس مقصد کے لیے کے الیکٹرک کی طرز پر کئی سالہ ٹیرف متعارف کرانے کی تجویز بھی اصلاحاتی منصوبے کا حصہ ہے۔

Scroll to Top