عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے مولانا خانزیب اور اُن کے ساتھیوں پر بزدلانہ قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ صرف عوامی نیشنل پارٹی پر نہیں بلکہ پختون شعور، امن اور مزاحمتی سیاست پر حملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا خانزیب جیسے بہادر، نظریاتی، اور پُرامن عالمِ دین کا یوں سرِ عام قتل اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ دہشتگردوں کو ایک بار پھر منظم طریقے سے ہمارے علاقوں میں کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے، اور ریاستی ادارے مکمل خاموشی کے ساتھ یہ سب کچھ ہوتا دیکھ رہے ہیں۔
میاں افتخار حسین نے اعلان کیا کہ عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا تین روزہ سوگ منائے گی، تمام سرگرمیاں معطل رہیں گی اور تمام کارکنان شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کریں۔
پارٹی جھنڈوں کے ساتھ احتجاج اور ماتم کے طور پر کالے جھنڈے بھی لگائیں۔
انہوں نے کارکنان سے حوصلے، اتحاد اور تنظیمی نظم و ضبط برقرار رکھنے کی اپیل کی۔
یہ بھی پڑھیں :فوجی کشیدگی میں تیسرے فریق کوشامل کرنابھارت کی بلاک پولیٹکس کے فروغ کی بےبنیاد کوشش ہے، فیلڈ مارشل
انہوں نے مزید کہا کہ ابھی انہیں اس دلخراش واقعے کی اطلاع ملی ہے، اور وہ فوری طور پر باجوڑ روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ کارکنان، لواحقین، اور مقامی قیادت سے مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔





