اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ بابر اعظم کے وکٹ کیپنگ سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی، انہیں بطور اوپنر ٹیم میں شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق اگر بابر اعظم ٹیم میں جگہ بناتے ہیں تو وہ صائم ایوب یا فخر زمان کے ساتھ اوپننگ کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ کسی بلے باز کو یہ ہدایت نہیں دی گئی کہ وہ 150 کے اسٹرائیک ریٹ سے کھیلے، لیکن جدید کرکٹ میں تیز رفتار بیٹنگ ناگزیر ہو چکی ہے، اور پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی کارکردگی کی کمزوری کی بڑی وجہ بیٹنگ ہے۔
ہیڈ کوچ نے بتایا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تیاری کے لیے ایک ہفتے کا خصوصی کیمپ لگایا گیا ہے، جس میں مختلف پہلوؤں پر کام کیا جا رہا ہے۔
بولنگ کے بارے میں بات کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ حسن علی ویسٹ انڈیز کے دورے میں ٹیم کا حصہ ہوں گے، جب کہ فاسٹ بولرز کی غیر موجودگی میں دیگر کھلاڑیوں کو آزمایا گیا ہے۔
شاہین شاہ آفریدی کو مکمل موقع دیا جائے گا تاکہ وہ مزید نکھر کر سامنے آئیں، جبکہ حارث رؤف انجری کا شکار ہیں مگر اسکواڈ کے ساتھ موجود ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سلمان مرزا کو حسن علی کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، اور سلیکشن کے عمل میں کوچ اور کپتان کا مکمل کردار ہوتا ہے۔
پہلے 20 کھلاڑی سلیکشن کمیٹی منتخب کرتی ہے، بعد ازاں کپتان اور کوچ باہمی مشاورت سے 15 رکنی حتمی اسکواڈ تیار کرتے ہیں، جسے چیئرمین پی سی بی کی منظوری کے بعد فائنل کیا جاتا ہے۔





