بھارت پاکستان میں دہشتگردی کی سرپرستی کر رہا ہے، دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشتگردانہ کارروائیوں میں بھارت براہ راست ملوث ہے، بھارت نے دنیا بھر میں دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ کی عالمی مہم شروع کر رکھی ہے، جو عالمی امن و سلامتی کے لیے شدید خطرہ ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ افغانستان میں دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہیں پاکستان کے لیے ایک بڑا چیلنج ہیں تاہم دیگر اہم معاملات کے ساتھ ساتھ اس نکتے پر بھی افغانستان کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ مشترکہ حکمت عملی وضع کی جا سکے۔

ترجمان نے کہا کہ ماضی میں جو کچھ ہوا وہ ہو چکا ہے، 80 کی دہائی میں ہونے والے فیصلوں کی وضاحت اس وقت کے رہنماؤں سے ہی ممکن ہے لیکن پاکستان کو ماضی کا قیدی بننے کے بجائے مستقبل کی طرف دیکھنا ہوگا۔

ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات پر گفتگو کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو ماحولیاتی آلودگی سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں حالانکہ عالمی آلودگی میں ہمارا حصہ نہایت کم ہے۔

شفقت علی خان نے کہا کہ چین پاکستان کا قریبی دوست اور آہنی بھائی ہے اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات انتہائی قریبی اور گہرے ہیں۔

ایس سی او اجلاس کے حوالے سے ترجمان کا کہنا تھا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی بھارت سے کسی ملاقات کا کوئی ارادہ نہیں البتہ دیگر شریک رہنماؤں کے ساتھ متعدد ملاقاتیں شیڈول کی جا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت پر واضح کردیا پاکستان کا پانی روکنا اعلان جنگ ہوگا، اسحاق ڈار

سندھ طاس معاہدے پر بات کرتے ہوئے شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان اس معاہدے کے تحفظ کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہا ہے، برکس فورم کے حوالے سے ترجمان نے بتایا کہ پاکستان اس وقت برکس کا رکن نہیں، تاہم رکنیت کے حصول کا خواہشمند ہے۔

Scroll to Top