پشاور(محمداعجاز آفریدی)خیبر پختونخوا حکومت نے صوبائی کابینہ کا 35 واں اجلاس 18 جولائی 2025 بروز جمعہ کو صبح 10 بجے سول سیکرٹریٹ پشاور میں طلب کرلیا ہے۔
اجلاس کی صدارت وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کریں گے، جس میں وزراء، مشیران اور معاونین خصوصی سمیت متعدد اعلیٰ حکام شریک ہوں گے۔
کابینہ اجلاس کا ایجنڈا 41 نکات پر مشتمل ہے جس میں مالی، انتظامی، قانونی، ترقیاتی اور دیگر امور پر فیصلے کیے جانے کی توقع ہے۔
کابینہ اجلاس میں زرعی آمدن پر ٹیکس سے متعلق خیبر پختونخوا ایگریکلچر انکم ٹیکس رولز 2025ءپر غور ہوگا۔ ضلع شانگلہ کے لیے ڈسٹرکٹ کمپلیکس لیلونئی کی مد میں فنڈز کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔
سابق فاٹا کے منصوبوں میں کام کرنے والے کنٹریکٹ اور ورک چارج ملازمین کی ریگولرائزیشن پر بھی غور کیا جائے گا۔
چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کے خلاف رٹ پٹیشن سے متعلق کیس کی پیش رفت بھی کابینہ کے سامنے رکھی جائے گی۔
محکمہ صحت کے حوالے سے مختلف نکات رکھے گئے ہیں، جن میں ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم، انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کے قیام اور تین مختلف مریضوں کے لیے علاج کی غرض سے مالی امداد شامل ہیں۔ ان مریضوں میں جگر کی پیوندکاری، بلڈ کینسر اور دیگر مہنگے علاج کے کیسز شامل ہیں۔
ہیلتھ فاؤنڈیشن میں مینیجنگ ڈائریکٹر کی پوسٹنگ، پیرالیجک سنٹر کے بورڈ آف گورنرز کی تشکیل، اور ڈیتھ پینلٹی کی شق ختم کرنے کی تجاویز بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔
این سی پی اور فاٹا میں گاڑیوں کی نمبر پلیٹس سے متعلق اقدامات، تمباکو سیس کی نیلامی، اور سپریم کورٹ میں اینٹی نارکوٹکس کیس کے لیے لیگل کونسل کی تعیناتی جیسے نکات بھی زیر غور آئیں گے۔
بلدیات کے شعبے سے متعلق سوات دریا سے منگورہ تک واٹر سپلائی اسکیم، اربن ایریاز ڈویلپمنٹ بورڈ کے اجلاس کی منظوری، اور ڈی ڈی اے سی چیئرمینوں کے لیے گاڑیوں کی خریداری پر پابندی کا خاتمہ بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔
ماحولیاتی شعبے میں خیبر پختونخوا انوائرمینٹل آڈٹ رولز 2024، اور سیلنگ یا ضبطگی سے متعلق قوانین پیش کیے جائیں گے۔ ڈی آئی خان میں گیم ریزرو کے لیے گاڑیوں کی خریداری پر پابندی سے نرمی کی تجویز دی گئی ہے۔
بچوں کے تحفظ کمیشن کے لیے پانچ نئے ارکان کی تقرری اور این جی اوز کے لیے گرانٹ ان ایڈ پر بھی فیصلے متوقع ہیں۔
بی آر ٹی منصوبے میں کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کے واجبات، شوگر سیس فنڈ سے فوڈ ڈائریکٹوریٹ کے لیے گاڑیاں، اور محکمہ کھیل و امور نوجوانان کے لیے نئی آسامیاں بھی شامل ہیں۔
خیبر پختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی کے بورڈ کی تشکیل، نیٹ ہائیڈل منافع کا حصہ 10 سے 15 فیصد تک بڑھانے، اور کالجوں میں اسٹاف کی عارضی بھرتیوں کے نکات بھی رکھے گئے ہیں۔
انفارمیشن ڈائریکٹوریٹ میں چار نئی آسامیاں، سیاحت کے شعبے میں ہزارہ میں سیاحتی سڑک کے منصوبے کی لاگت میں اضافے کی منظوری، اور باگھ میدان (تیرہ) کے متاثرین کی امداد پر بھی غور ہوگا۔
ناتھیا گلی میں انٹیلیجنس بیورو کے لیے زمین کی منتقلی، تاریخی مساجد و مزارات کے لیے سیس فنڈ، اوقاف املاک اور فنڈز سے متعلق نکات بھی اجلاس کا حصہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ڈی جی ریسکیو 1122 اور ڈی سی سوات کا واٹر ریسکیو کیمپ فضاگٹ کا دورہ، مون سون انتظامات کا جائزہ لیا
فنانس ڈیپارٹمنٹ میں فنڈ سپورٹ یونٹ کے قیام اور اسٹاف کی بھرتی، مالاکنڈ کے ایک عدالتی کیس میں چیف سیکریٹری کی منظوری، اور صوابی جیل کے لیے نئی پوسٹوں کی منتقلی پر بھی بحث ہوگی۔





