ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا محمد طیب عبداللہ اور ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان نے فضاگٹ بائی پاس مینگورہ سوات روڈپر واٹر ریسکیو کیمپ کا دورہ کیا اور مون سون سیزن کے پیش نظر ریسکیو 1122 کے انتظامات و حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا ۔
اس موقع پر ریسکیو کے ڈائریکٹر آپریشن اینڈ کوارڈینیشن خیبرپختونخوا ڈاکٹر میرعالم خان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات محمد عمر، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سوات رفیع اللہ مروت اور دیگر متعلقہ افسران و اہلکاران اور دیگر بھی موجود تھے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سوات نے ڈائریکٹر جنرل ریسکیو خیبرپختونخوا اور ڈپٹی کمشنر سوات کو مون سون کے سیزن میں عوام کی تحفظ کو یقینی بنانے اور دریائے سوات میں کسی ممکنہ حادثے کیلئے ریسپانس کیمپ پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ بائی پاس مینگورہ ریسکیو ریسپانس کیمپ میں واٹر ویہکل، ریسکیو ایمبولینس، واٹر کشتی، لائف جیکٹس، لائف بوائے، رَسیوں سمیت دیگر جدید واٹر ریسکیو مشینری اور سامان تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال، بالخصوص ڈوبنے کے واقعات یا دریائے حادثات کی صورت میں ریسکیو ٹیم بروقت کاروائی عمل میں لا سکے۔
اس کے علاوہ تربیت یافتہ واٹر ریسکیو عملہ مسلسل اپنی ڈیوٹی پر مامور ہے تاکہ کسی بھی وقت فوری رسپانس دیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ بحرین، خوازہ خیلہ پل اور بریکوٹ پل پر ریسپانس کمیپ بھی قائم کیا گیا ہے۔
رفیع اللہ مروت نے کہا مون سون کے دوران دریائے سوات میں پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ اور عوام کی جانب سے لاپرواہی سے دریاؤں کے قریب جانے کی وجہ سے خطرات بڑھ جاتے ہیں، اسی پیشِ نظر بائی پاس مینگورہ اور دیگر جیسے حساس مقامات پر واٹر ریسکیو کیمپس قائم کیے گئے ہیں تاکہ انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن صادق و امین قرار دینے کا اختیار نہیں رکھتا، بیرسٹر گوہر
انہوں نے کہا کہ عوام کسی بھی ہنگامی صورت میں ریسکیو 1122 کی ہیلپ لائن پر فوری اطلاع دیں تاکہ بروقت کاروائی کی جا سکے۔اس موقع پر ریسکیو کے اہلکاروں نے دریائے سوات میں موک مشق بھی کیا۔





