129 ملی میٹر بارش کے بعد نالہ لئی میں سیلاب کا خدشہ، سائرن بجا دیے گئے

129 ملی میٹر بارش کے بعد نالہ لئی میں سیلاب کا خدشہ، سائرن بجا دیے گئے

راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش نے شہر کو جل تھل کر دیا۔ جڑواں شہروں میں 129 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے۔

محکمہ واسا کے مطابق نالہ لئی میں پانی کی سطح کٹاریاں کے مقام پر 16 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 14 فٹ تک پہنچ گئی ہے، جس کے بعد نالے کے اطراف خطرے کے سائرن بجا دیے گئے ہیں۔

نجی ٹی وی چینل (جیونیوز)کیمطابق صورتحال کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے ریسکیو 1122، واسا، سول ڈیفنس اور دیگر امدادی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ایم ڈی واسا کی جانب سے ٹرپل ون بریگیڈ سے بھی رابطہ کیا گیا ہے، جبکہ ایمرجنسی کی صورت میں پاک فوج کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ترجمان واسا کے مطابق تمام ادارے الرٹ پر ہیں اور نالہ لئی کے بہاؤ پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ شہریوں کو نالہ لئی کے قریب جانے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس سے صورت حال مزید بگڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

Scroll to Top