اسلام آباد کی عدالت نے علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے

اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے اور انہیں گرفتار کرکے آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

جیو نیوز کے ذرائع کے مطابق کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے پیر کے روز کی۔ عدالت میں علی امین گنڈاپور کے وکیل راجہ ظہور الحسن پیش ہوئے اور سینیٹ انتخابات میں مصروفیت کو بنیاد بناتے ہوئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔

تاہم عدالت نے یہ درخواست مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ علی امین گنڈاپور نے خود عدالت میں کھڑے ہو کر دفعہ 342 کے تحت بیان ریکارڈ کروانے کی یقین دہانی کروائی تھی اور موجودہ تاریخ بھی ان کی خواہش پر رکھی گئی تھی۔

وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ پشاور ہائیکورٹ نے تمام مقدمات میں ان کے مؤکل کی ضمانت منظور کر رکھی ہے اور وہ آئندہ سماعت پر پیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کروا دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی سینیٹ انتخابات میں خود سے ہی لڑ رہی ہے، علی امین پارٹی کو تقسیم کر رہے ہیں، محمود جان بابر

ساتھ ہی انہوں نے یاد دلایا کہ کیس میں شامل سات ملزمان پہلے ہی بری ہو چکے ہیں اور علی امین گنڈاپور کی بریت کی درخواست بھی زیر سماعت ہے۔

تاہم عدالت نے وکیل کی انڈرٹیکنگ قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کر دی اور 22 جولائی تک وزیر اعلیٰ کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم جاری کیا۔

کیس کی سماعت 22 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔

Scroll to Top