بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا چینی سکینڈل پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ

بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا چینی سکینڈل پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ

خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے ملک میں جاری چینی اسکینڈل پر آزاد، شفاف اور غیرجانبدار جوڈیشل کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی بحران ایک منظم مالیاتی کھیل ہے جس سے مافیا کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچایا گیا۔

نجی ٹی وی چینل (دنیا نیوز )کیمطابق اپنے تازہ بیان میں بیرسٹر سیف نے الزام عائد کیا کہ گندم اسکینڈل کے بعد اب چینی کا بحران پیدا کر کے عوام کی جیبوں سے 38 ارب روپے نکالے گئے، اور یہ رقم شوگر مافیا کو منتقل کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمران طبقہ اور شوگر مافیا کے درمیان گٹھ جوڑ ہے جس کا خمیازہ عام شہری بھگت رہا ہے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ پہلے چینی کی برآمد کی اجازت دے کر مقامی منڈی میں قلت پیدا کی گئی، پھر درآمد کے ذریعے قیمتیں بڑھا کر قومی خزانے کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے 110 روپے فی کلو پر چیخنے والے اب خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں، جبکہ حکومت نے قیمت 200 روپے فی کلو تک پہنچا دی ہے۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اس تمام صورتحال پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مگر اب عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ کی زیر نگرانی ایک جوڈیشل کمیشن تشکیل دے کر اسکینڈل کی تحقیقات کی جائیں تاکہ اصل کرداروں کو سامنے لایا جا سکے۔

Scroll to Top