اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بچھر نے 9 مئی کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا کے فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
منگل کو سرگودھا کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 9 مئی کو میانوالی میں ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ اور تھانے کو آگ لگانے کے کیس میں ملک احمد خان بچھر سمیت 36 ملزمان کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی۔
عدالت نے ملک احمد خان بچھر کو 60 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا اور تمام ملزمان کو گرفتار کر کے جیل منتقل کرنے کا حکم دیا۔
اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بچھر نے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ سیاسی بنیادوں پر قائم مقدمے کا آئین سے ہٹ کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی رہنماؤں کو سزائیں آئین کی کھلی خلاف ورزی ہیں ،علی امین گنڈاپور
انہوں نے کہا کہ قانونی ضابطے پورے کیے بغیر سزا سنائی گئی اور 26 ویں ترمیم کے بعد حکومت نے عدالتوں کو اپنے قابو میں لے لیا ہے۔
ملک احمد خان بچھر نے مزید کہا کہ 9 مئی کے سیاسی مقدمات میں ایسے فیصلوں کی توقع کی جا سکتی ہے اور تحریری فیصلہ موصول ہونے کے بعد وہ ہائیکورٹ میں اپیل دائر کریں گے۔





