چارسدہ میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف تاجروں کا احتجاج، ’بجلی دو یا بجلی کاٹو‘ مہم کا اعلان

چارسدہ: (الف خان شیرپاو) ضلع چارسدہ میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف تاجر فیڈریشن کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں تاجر برادری، شہریوں اور مختلف سیاسی و سماجی نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مظاہرے کے دوران تاجر فیڈریشن ضلع چارسدہ کے صدر لعل محمد لعل نے حکومت اور واپڈا حکام کو سخت وارننگ دیتے ہوئے اعلان کیا کہ اگر بجلی کی فراہمی بحال نہ ہوئی تو بجلی کاٹو، میٹر اتارو مہم شروع کی جائے گی۔

مظاہرے میں جنرل سیکرٹری رحم باچا، اہل قریش کے صدر ارشاد قریشی، تنگی روڈ کے صدر بشیر خان، سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر امداداللہ، چپل میکر ایسوسی ایشن کے صدر ملک وحید و ملک سجاد، موبائل ایسوسی ایشن کے صدر شہباز باچا، نوشہرہ روڈ کے صدر عارف جان اور دیگر سیاسی نمائندوں نے شرکت کی اور خطاب کیا۔

صدر لعل محمد لعل نے کہا کہ ہم کسی ایم این اے یا ایم پی اے کے سہارے پر نہیں، بلکہ تاجر برادری خود اپنی جدوجہد سے اپنے حقوق حاصل کرے گی۔

انہوں نے واپڈا حکام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر بجلی کی صورتحال بہتر نہ ہوئی تو تمام تر ذمے داری واپڈا اور ایکسیئن پر عائد ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : بابو سر ٹاپ پر آئل ٹینکر اور کار میں تصادم ، جانی نقصان ہوگیا

انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کی بحالی تک روزانہ نمازِ عصر کے بعد 6 بجے باقاعدگی سے احتجاج کیا جائے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ کل ڈی سی دفتر میں ہونے والی میٹنگ سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔

احتجاجی شرکاء نے شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ چارسدہ کو فوری اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

Scroll to Top