میٹرک نتائج،رکشہ ڈرائیور کے بیٹے نے بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی

ملتان تعلیمی بورڈ کے حالیہ میٹرک نتائج میں ایک غیر معمولی کامیابی نے سب کی توجہ حاصل کر لی جب بورے والا کے ایک گاؤں سے تعلق رکھنے والے رکشہ ڈرائیور کے بیٹے محمد احمد نے آرٹس گروپ میں 1161 نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن اپنے نام کر لی۔

محمد احمد نے جامعہ حنفیہ مدرسہ سے میٹرک کا امتحان دیا اور محدود وسائل کے باوجود تعلیمی میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

ان کے والد، محمد افضل، رکشہ چلاتے ہیں اور خود تعلیم حاصل نہ کر سکے، لیکن ان کی دلی خواہش تھی کہ ان کا بیٹا پڑھ لکھ کر ان کا فخر بنے اور آج وہ خواب حقیقت کا روپ دھار چکا ہے۔

پوزیشن ہولڈر محمد احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا تعلق ایک غریب گھرانے سے ہے، مگر ان کے والد نے ہمیشہ ان کا ساتھ دیا، نہ صرف مالی طور پر بلکہ حوصلہ افزائی کے ذریعے بھی۔

انہوں نے کہاکہ میرے والد نے میری تعلیم کو کبھی معاشی مجبوری پر قربان نہیں ہونے دیا۔

یہ بھی پڑھیں : ادارہ شماریات کا چینی کی قیمت میں کمی کا دعوی

ادھر محمد افضل نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ میں خود تعلیم حاصل نہیں کر سکا، مگر ہمیشہ چاہا کہ میرا بیٹا پڑھے، آج وہ خواب پورا ہو گیا، اور دل سے شکر گزار ہوں۔

Scroll to Top