(محمد اعجاز آفریدی )پشاور میں بول اٹھو تحریک نے بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل کی گئی خاتون کے واقعے کے خلاف پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر غیرت کے نام پر خواتین کے قتل کے خلاف نعرے درج تھے۔
مظاہرے کی قیادت “بول اٹھو تحریک” کی رہنما فرح خلیل کر رہی تھیں۔ فرح خلیل کا موقف تھا کہ احتجاج کا مقصد غیرت کے نام پر ہونے والے قتل عام کو روکنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں مردوں نے غیر ت کو صرف عورتوں سے جوڑ دیا ہے۔ معاشرے میں مرد و عورت کے درمیان تضاد ختم ہونا چاہیے۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ ملک بھر میں خواتین کے ساتھ غیرت کے نام پر روا رکھے جانے والے سلوک کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔
اس موقع پر شرکاءنے نعرے بازی کی اور عورتوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرے میں شریک خواتین کا کہنا تھا کہ ہمیشہ عورتوں کو ہی غیرت کے نام پر قتل کیا جاتا ہے۔ اگر غیرت کا اتنا ہی خیال ہے تو خواتین کو وراثت میں حق دیتے وقت غیرت کہاں چلی جاتی ہے؟ قانون موجود ہونے کے باوجود خواتین کو غیرت کے نام پر قتل کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی
خواتین نے مطالبہ کیا کہ غیرت کے نام پر قتل کے اس سلسلے کو بند کیا جائےاور حکومت اس سنگین مسئلے میں اپنا موثر کردار ادا کرے۔





