پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل ہمایوں خان نے راولپنڈی میں سدرہ نامی خاتون کے قتل کے واقعے پر شدید مذمت کرتے ہوئے اسے معاشرے کے لیے ایک شرمناک اور ناقابل قبول المیہ قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سدرہ کا وحشیانہ قتل انسانی حقوق کی پامالی اور معاشرتی بےحسی کی بدترین مثال ہے۔
ہمایوں خان نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر جرگہ ایسے گھناؤنے اور غیر قانونی جرم کا حکم دیتا ہے تو یہ نہ صرف قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ انصاف اور انسانیت دونوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔
انہوں نے اس سفاکانہ فعل کو سخت ترین الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ جرم ایک سوچے سمجھے ظلم کی عکاسی کرتا ہے، جس کا معاشرے میں کوئی جواز نہیں۔
انہوں نے حکامِ بالا سے مطالبہ کیا کہ سدرہ کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے انہیں قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے۔
ساتھ ہی انہوں نے اس جرگے کے اُن افراد کے خلاف بھی کارروائی کا مطالبہ کیا جنہوں نے اس وحشیانہ فیصلے کی سرپرستی کی یا اس میں کسی طور شریک ہوئے۔
ہمایوں خان نے کہا کہ سدرہ کا قتل ہمارے معاشرے میں خواتین کے حقوق کی کمزور حیثیت کو بے نقاب کرتا ہے۔ اس سانحے کو صرف ایک واقعہ نہیں سمجھنا چاہیے بلکہ یہ ایک اجتماعی المیہ ہے جس پر ہمیں سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔
انہوں نے زور دیا کہ مستقبل میں ایسے گھناؤنے جرائم کو روکنے کے لیے قانون کو بلا امتیاز حرکت میں لایا جائے، اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کو ریاستی و سماجی سطح پر یقینی بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : اسحاق ڈار کی امریکی ہم منصب مارکو رویبو سے ملاقات ،دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال
آخر میں ہمایوں خان نے متاثرہ خاندان سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سدرہ کے لیے انصاف کے حصول تک ہر ممکن آواز بلند کرتی رہے گی۔





