سوات میں سی ٹی ڈی اور پولیس کا مشترکہ آپریشن، تین مطلوب دہشت گرد ہلاک

سوات کی تحصیل بریکوٹ میں پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے مشترکہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین اہم دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پولیس کے مطابق یہ کارروائی تحصیل بریکوٹ کے علاقے پارڑئی میں عمل میں لائی گئی۔

ہلاک دہشت گردوں کی شناخت اجمل عرف وقاص ولد عبدالغفار سکنہ ملوک آباد، مطیع اللہ عرف اسحاق جنید ولد عبرت شاہ سکنہ ڈب سر مارتونگ ضلع شانگلہ اور رحیم اللہ رحمانی عرف روح اللہ ولد امان اللہ سکنہ افغانستان کے ناموں سے ہوئی ہے۔

تینوں دہشت گرد مختلف نوعیت کے دہشت گردی کے مقدمات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے، جن میں اجمل نو مختلف کیسز میں نامزد تھا۔

ڈی پی او سوات محمد عمر خان کے مطابق ضلع بھر میں دہشت گرد عناصر کے خلاف سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز تسلسل سے جاری ہیں، جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر بھی چیکنگ کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : شمالی وزیرستان میں کل 26جولائی کو کرفیو نافذ ،نقل و حرکت پر پابندی

ان کا کہنا تھا کہ سوات کے امن کو کسی صورت خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ہر ممکن اقدام اٹھایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

Scroll to Top