ناران جھیل روڈ پر کلاؤڈ برسٹ، 500 سے زائد سیاح بحفاظت ریسکیو ،وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا کا فوری ایکشن

پشاور: ناران سیف الملوک جھیل روڈ پر کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں تودہ گرنے سے 500 سے زائد سیاح اور 117 سے زیادہ جیپیں پھنس گئیں۔

یہ سیاح ملک کے مختلف شہروں سے ناران گھومنے آئے تھے اور اچانک پیش آنے والے اس قدرتی واقعے نے انہیں راستے میں روک لیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے فوری نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری سیاحت خیبرپختونخوا ڈاکٹر عبدالصمد کو ہدایات جاری کیں کہ سیاحوں کو فوری اور بحفاظت نکالنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

سیکرٹری سیاحت نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈی جی کاغان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کو ہدایات دیں، جس کے بعد ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔

کاغان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر امدادی اداروں کی بروقت کارروائی سے تمام پھنسے ہوئے سیاحوں کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : ناسا نے خلا میں موجود خوبصورت کہکشاؤں کی نئی تصاویر جاری کردیں

محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے مطابق صوبے میں آنے والے تمام سیاحوں کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

سیاحوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر سیاحتی ہیلپ لائن 1422 پر رابطہ کریں تاکہ بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔

Scroll to Top