9مئی جلائو گھیرائو کے6مقدمات کا جیل ٹرائل آج ہوگا، شاہ محمودقریشی ،ڈاکٹر یاسمین ودیگر کو پیش کیاجائیگا

9مئی جلائو گھیرائو کے6مقدمات کا جیل ٹرائل آج ہوگا، شاہ محمودقریشی ،ڈاکٹر یاسمین ودیگر کو پیش کیاجائیگا

9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات سے متعلق چھ اہم مقدمات کا جیل ٹرائل آج سے کوٹ لکھپت جیل میں شروع ہو رہا ہے۔ انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی ) کے جج منظر علی گل مقدمات کی سماعت جیل میں ہی کریں گے۔

نجی ٹی وی چینل (سما نیوز)کیمطابق سماعت کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنماؤں شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری سمیت دیگر گرفتار رہنماؤں کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق عدالت نے آج کی سماعت کے لیے پراسیکیوشن کے گواہوں کو طلب کر رکھا ہے۔ زیرِ سماعت مقدمات میں تھانہ شادمان میں درج جلاؤ گھیراؤ کا کیس اور راحت بیکری کے باہر ہونے والے پرتشدد واقعے سے متعلق مقدمہ شامل ہے۔

سکیورٹی خدشات کے پیش نظر مقدمات کی سماعت جیل کے اندر ہی کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔ عدالت میں آنے والے تمام افراد کی سخت چیکنگ کی جائے گی اور جیل کے اطراف سکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ 9 مئی کو چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں شدید ہنگامہ آرائی اور سرکاری و عسکری املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعات پیش آئے تھے، جن پر مختلف تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے۔

قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ ان مقدمات کے فیصلے نہ صرف گرفتار رہنماؤں کے مستقبل بلکہ پی ٹی آئی کی مجموعی سیاسی حکمت عملی پر بھی گہرے اثرات ڈال سکتے ہیں۔

Scroll to Top