وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پاکستان کے پہلے اسکلز امپیکٹ بانڈ کی منظوری دے دی ہے۔
نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز )کیمطابق اس تاریخی اقدام کا مقصد ملک کے نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کر کے مقامی اور بین الاقوامی منڈی میں روزگار کے قابل بنانا ہے۔
یہ فیصلہ وزیراعظم کی زیرصدارت نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا، جس میں روزگار کے روڈ میپ پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ جدید ماڈل نجی شعبے کو سرمایہ کاری کے لیے راغب کرے گا اور نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ ہنر سکھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد صرف تعلیم دینا نہیں بلکہ نوجوانوں کو باعمل اور روزگار کے قابل بنانا ہے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ حکومت نوجوانوں کو نہ صرف ملک کے اندر بلکہ بیرون ملک روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مہارتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بیرون ملک روزگار کے لیے ہنرمند افراد کی تیاری کو ترجیح دی جائے۔
شہباز شریف نے اعلان کیا کہ وہ ہر دو ماہ بعد اس منصوبے اور روڈ میپ پر عمل درآمد کا ذاتی طور پر جائزہ لیں گے تاکہ اس قومی پروگرام کے اہداف کو مؤثر طریقے سے حاصل کیا جا سکے۔





