اسلام آباد :پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ حکومت زائرین کے ہوائی سفر سے متعلق فیصلہ فوری واپس لے، کیونکہ غریب زائرین جہاز کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے کم آمدنی والے افراد پر غیر ضروری مالی بوجھ پڑے گا۔
نجی ٹی وی آج نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ایسے فیصلے عام لوگوں کو مذہبی فرائض سے دور کر سکتے ہیں، اس لیے حکومت کو چاہیے کہ وہ فوری نظرِ ثانی کرے۔
عمران خان کے بیٹوں کی وطن واپسی سے متعلق سوال پر شیخ وقاص اکرم نے بتایا کہ عمران خان کے بیٹے امریکا سے لندن واپس جا چکے ہیں، اور جب بھی وہ پاکستان آئیں گے، اپنے والد سے ضرور ملاقات کریں گے۔
تاہم اب تک ان کی فیملی کی جانب سے کسی تاریخ یا پروگرام کے بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی عمران خان کے بیٹے پاکستان آئیں گے، پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہو گی۔
سیکیورٹی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے واضح کیا کہ ایسا کوئی آپریشن جس میں انسانی جانوں کا ضیاع ہو، پی ٹی آئی اس میں وفاق سے تعاون نہیں کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں : طالبان کی خیبرپختونخوا میں نقل و حرکت پر آئی جی نے خاموشی توڑ دی
انہوں نے ڈرون کے استعمال پر بھی وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے سے انکار کیا۔
شیخ وقاص کا کہنا تھا کہ پارٹی قومی مفاد میں فیصلے ضرور کرے گی، لیکن ایسے اقدامات کی حمایت نہیں کرے گی جو عوام کی جان و مال کے لیے خطرہ بنیں۔





