اسلام آباد : چیئرمین پاکستان علما کونسل مولانا طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان کے امن، سلامتی اور استحکام کو چھیڑنے کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وطن کے بیٹے روز شہید ہو رہے ہیں، اور ملک دشمن عناصر کے سہولت کاروں اور سرپرستوں کو بے نقاب کیا جانا چاہیے۔
وفاقی دارالحکومت میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مولانا طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ وہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ فتنہ الہندوستان کے سہولت کار اور سرپرست آخر کون ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ملک کی خاطر قربانیاں دینے والے خاندانوں پر انگلیاں اٹھانا ناانصافی ہے۔
اپنے حوالے سے بات کرتے ہوئے مولانا اشرفی نے کہا کہ میرے بھائی کے بارے میں باتیں ہوتی ہیں، میں آج خود دعوت دیتا ہوں کہ قیامِ پاکستان سے لے کر آج تک ہمارے خاندان کا احتساب کر لو۔ میرا صرف ایک بینک اکاؤنٹ ہے، جو کئی مرتبہ چیک ہو چکا ہے۔
غیر مسلم شہریوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ ملک میں رہنے والے تمام غیر مسلموں کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بانی پی ٹی آئی کے بیٹے پاکستان کب آئیں گے؟ وضاحت سامنے آ گئی
ان کا کہنا تھا کہ غیر مسلم بالکل ویسے ہی پاکستانی ہیں جیسے میں ہوں۔ آئین پاکستان انہیں وہی حقوق دیتا ہے جو مجھے حاصل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علما کونسل آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ہر فیصلے کو تسلیم کرے گی، اور ملکی استحکام و ہم آہنگی کے لیے کام جاری رکھے گی۔





