احمد خان بھچر پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے فارغ، نوٹیفکیشن جاری

احمد خان بھچر پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے فارغ، نوٹیفکیشن جاری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر کو عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے۔ پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز) کے مطابق، احمد خان بھچر کو اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے اس وقت ہٹایا گیا جب انسدادِ دہشتگردی عدالت نے انہیں 9 مئی واقعات سے متعلق مقدمے میں مجرم قرار دیتے ہوئے 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

عدالتی فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فوری کارروائی کرتے ہوئے احمد خان بھچر اور احمد چٹھہ کی نااہلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔ احمد چٹھہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 66 وزیرآباد جبکہ احمد خان بھچر پی پی 87 میانوالی سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ احمد خان بھچر کی بطور اپوزیشن لیڈر تعیناتی کو پی ٹی آئی کے اندر اور باہر دونوں حلقوں میں اہمیت حاصل تھی، تاہم 9 مئی کے واقعات میں سزا کے بعد ان کی نااہلی نے سیاسی منظرنامے کو نیا رخ دے دیا ہے۔

پارلیمانی ذرائع کے مطابق، نئے اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کے لیے مشاورت جاری ہے اور جلد ہی نئی تقرری کا اعلان متوقع ہے۔

Scroll to Top