جنوبی وزیرستان لوئر، پولیس موبائل کے قریب دھماکا، 2 افراد جاں بحق، 14 زخمی

جنوبی وزیرستان لوئر، پولیس موبائل کے قریب دھماکا، 2 افراد جاں بحق، 14 زخمی

جنوبی وزیرستان لوئر کے علاقے وانا رستم بازار میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 2 پولیس اہلکاروں سمیت 14 افراد زخمی ہو گئے۔

ڈی ایس پی عمران اللہ کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب پولیس کی ایک موبائل وین معمول کی گشت پر بازار سے گزر رہی تھی۔ حملہ آوروں نے پولیس کو نشانہ بنانے کی نیت سے دھماکہ خیز مواد سڑک کنارے نصب کیا تھا، جسے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اس وقت اڑایا گیا جب پولیس گاڑی قریب پہنچی۔

دھماکے کے فوری بعد علاقے میں افراتفری پھیل گئی جبکہ پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال (ڈی ایچ کیو) وانا منتقل کیا گیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے، اور علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ پولیس فورس کو نشانہ بنانے کی کوشش تھی تاہم دیگر شہری بھی زد میں آ گئے۔

تاحال کسی تنظیم نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

Scroll to Top