پشاور: وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سی اینڈ ڈبلیو سہیل آفریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست کو ہماری ماؤں، بہنوں کو سڑکوں پر گھسیٹا گیا۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس سےخطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھاکہ ایسا ظلم تو پاکستان کی تاریخ کے کسی مارشل لاء میں بھی نہیں ہوا جو آج ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی سمجھتے تھے کہ عدلیہ آزاد ہے اور الیکشن وقت پر ہوں گے، مگر ایسا نہیں ہوا،”ملک میں کچھ لوگ جب چاہتے ہیں آئین پاکستان کو روند دیتے ہیں۔ 8 فروری کو عوام نے صرف تحریک انصاف کو ووٹ دیا مگر 17 نشستوں والی جماعت کو حکومت دے دی گئی اور بھاری اکثریت والی پارٹی اپوزیشن میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو نشستیں ہم نے ان سے بچائی تھیں، وہ بھی اب ہم سے چھینی جا رہی ہیں۔ ایک فرد کے لیے جمہوریت کو بے توقیر کیا گیا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ ملک میں میڈیا آزاد نہیں، جلسے کرنے کی اجازت نہیں، ارشد شریف جیسے بڑے نام کو شہید کیا گیا، عمران ریاض کو دبایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ “26 نومبر کو ہمارے کارکنوں کو بے دردی سے شہید کیا گیا، آواز دبائی جا رہی ہے،ایک وقت آئے گا جب میرے لیڈر کو دوبارہ حکومت ملے گی۔





