محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 14 اگست سے ملک بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے والا ہے، جس کے باعث اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشیں برسانے والی مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ 14 اگست کو پاکستان میں داخل ہوگا، جو خاص طور پر بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، خطۂ پوٹھوہار اور جنوبی پنجاب کے کچھ علاقوں کو متاثر کرے گا۔
حکام کے مطابق نئے سسٹم کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے، جبکہ بالائی پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔
دوسری جانب، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری موجودہ بارشوں کا سلسلہ بھی آئندہ ایک سے دو دن تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران بعض علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے، جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ممکنہ بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نالوں اور پہاڑی علاقوں کے قریب جانے سے احتیاط برتیں اور ہنگامی صورتحال میں مقامی حکام سے رابطہ کریں۔





