حکومت کی جانب سے 16 اگست سے عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ ریلیف دیا جا سکتا ہے کیونکہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔
گزشتہ 11 دنوں کے دوران برطانوی خام تیل کی قیمت میں 5 ڈالر 72 سینٹ کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 71.70 ڈالر فی بیرل سے گر کر 65.98 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔
اسی طرح، امریکی خام تیل کی قیمت میں بھی 5 ڈالر 71 سینٹ کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں اس کی قیمت 69.26 ڈالر فی بیرل سے گھٹ کر 63.48 ڈالر فی بیرل تک آ گئی ہے۔
ان عالمی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر، ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کا امکان ہے اور اس حوالے سے حتمی فیصلہ 15 اگست کو کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ یکم اگست کو حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرتے ہوئے پیٹرول سستا اور ہائی اسپیڈ ڈیزل مہنگا کر دیا تھا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 7 روپے 54 پیسے کی کمی کی گئی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 48 پیسے کا اضافہ کیا گیا ۔
نئی قیمتوں کے اطلاق کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 264 روپے 61 پیسے ہو گئی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 285 روپے 83 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ۔





