یہاں پر تمام پارٹیاں اسٹیبلشمنٹ کی پیداوار ہیں،نثار باز کا خیبرپختونخوا اسمبلی میں خطاب

پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی کے رکن نثار باز نے اسمبلی اجلاس میں باجوڑ کے حالات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ خاص طور پر باجوڑ سے آ کر موجودہ صورتحال کی تفصیلات سامنے لانے آئے ہیں۔

انہوں نے ایوان میں جاری الزام تراشیوں پر افسوس کا اظہار کیا اور بتایا کہ باجوڑ کے عوام اس وقت شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

نثار باز نے بتایا کہ گزشتہ رات سے محکمہ داخلہ کی جانب سے کرفیو نافذ کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند ہے اور اس سے عوام کی نقل و حرکت متاثر ہو رہی ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ 40 ہزار دہشتگردوں کو دوبارہ آباد کیا گیا ہے، اس آپریشن کی اجازت صوبائی حکومت اور اپوزیشن کو واضح کرنی چاہیے۔

نثار باز کے مطابق باجوڑ میں چار لاکھ لوگ محصور ہیں، جب کہ 55 ہزار سے زائد افراد نقل مکانی کر چکے ہیں۔

انہوں نے صوبائی حکومت کے ارکان سے سیاسی بلوغت کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی اور وفاقی و صوبائی حکومتوں سے فوری طور پر کرفیو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

نثار باز نے شہید مولانا خانزیب کو پورے خطے کا شہید قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے ان کی شہادت پر اب تک کوئی قابل ذکر اقدامات نہیں کیے۔

انہوں نے ایوان میں الزام تراشی کی سیاست ترک کرنے اور تعمیری سیاست اپنانے کی تاکید کی اور کہا کہ یہاں پرتمام پارٹیاں اسٹیبلشمنٹ کی پیداوار ہیں۔

Scroll to Top