خیبر پختونخوا ہاؤس مردان میں معرکۂ حق اور جشنِ آزادی کی تقریبات، فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی

مردان: ضلعی انتظامیہ مردان کے زیرِ اہتمام قومی اقلیتی دن معرکۂ حق اور جشنِ آزادی ہفتہ کی تقریبات کے سلسلے میں آج کے پی ہاؤس مردان میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد قومی یکجہتی، مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور آزادی کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی کمشنر مردان ڈویژن نثار احمد اور ڈپٹی کمشنر مردان واصف رحمان تھے، جنہوں نے دیگر معزز مہمانوں کے ہمراہ تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد، سماجی شخصیات، طلبہ اور اقلیتی برادری کے نمائندگان بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

تقریب میں پیش کیے گئے ملی نغمے، تقاریر اور معرکۂ حق کے موضوع پر پروگرامز نے حب الوطنی، اتحاد اور قربانی کے جذبے کو بھرپور انداز میں اُجاگر کیا۔ شرکاء نے پاکستان کی سالمیت، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں : دنیا بھر میں آج نوجوانوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

اپنے خطابات میں مہمانانِ خصوصی نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام میں تمام مذاہب اور قومیتوں کا کردار برابر ہے۔ قومی اقلیتی دن یہ پیغام دیتا ہے کہ ہر پاکستانی شہری، خواہ کسی بھی مذہب یا قومیت سے ہو، مساوی حقوق کا حقدار ہے۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے پرجوش انداز میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے اور وطن عزیز کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔

Scroll to Top