پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اس وقت گرما گرمی پیدا ہوگئی جب ارکانِ اسمبلی کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، جس کے باعث بعض ارکان احتجاجاً اجلاس سے اٹھ کر چلے گئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی نے قبائلی علاقوں میں جاری آپریشن کا معاملہ اٹھانے کی کوشش کی، جس پر پارٹی کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے انہیں ٹوک دیا۔ عامر ڈوگر نے مؤقف اختیار کیا کہ تمام ارکان کو بات کا موقع ملنا چاہیے، صرف ایک رکن کو بولنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
عامر ڈوگر کی مداخلت پر اقبال آفریدی نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ رویہ توہین آمیز ہے اور ہمیں قبائلی عوام کے مسائل اجاگر کرنے سے روکا جا رہا ہے۔‘‘ اس تلخی پر اجلاس کا ماحول کشیدہ ہو گیا اور کئی ارکان بیچ بچاؤ کی کوشش کرتے رہے۔
مگر صورت حال مزید خراب ہوئی تو متعدد ارکان اجلاس چھوڑ کر چلے گئے، جس سے پارٹی اجلاس وقتی طور پر بدنظمی کا شکار ہو گیا۔
اجلاس کے بعد ذرائع نے بتایا کہ پارٹی قیادت اس واقعے کا نوٹس لے رہی ہے اور اندرونی سطح پر معاملات کو سلجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ آئندہ ایسی صورت حال سے بچا جا سکے۔





