پشاور: خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہے، جب کہ ضلع بونیر میں سب سے زیادہ نقصان سامنے آیا ہے۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے متاثرہ علاقوں خصوصاً بونیر میں امدادی سرگرمیوں میں تیزی لانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وقت سیاست کا نہیں، انسانیت کا ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں فوری طور پر ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے بیان میں بتایا کہ گزشتہ رات سے ہونے والی موسلادھار بارشوں کے باعث بونیر میں اب تک 78 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جب کہ مزید جانی و مالی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیلاب نے علاقے کا انفراسٹرکچر مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے، اور بعض مقامات پر ریسکیو آپریشنز کیلئے ہیلی کاپٹرز کی اشد ضرورت ہے۔
ادھر وفاقی وزیر امیر مقام نے بھی سیلابی صورتحال پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ وفاق کی پوری کوشش ہے کہ متاثرہ علاقوں میں زمینی راستوں کو جلد از جلد بحال کیا جائے تاکہ امدادی سامان اور ٹیمیں فوری طور پر پہنچ سکیں۔
یہ بھی پڑھیں : پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا، کیونکہ ایسے سانحات کا مقابلہ صرف اجتماعی کاوشوں سے ہی کیا جا سکتا ہے۔
متاثرہ علاقوں میں امدادی ادارے متحرک ہیں، تاہم مقامی لوگوں اور حکومتی شخصیات کی جانب سے مزید فوری اقدامات کی اپیل کی جا رہی ہے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔





