مقامی صحافی ذاہد جان کے مطابق ضلع باجوڑ کے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج میں فرسٹ ایئر کی طالبہ نے ایک کلاس فور ملازم پر مبینہ طور پر ہراسانی کی کوشش کا الزام عائد کیا ہے۔
طالبہ کے مطابق پیر کی صبح وہ کلاس روم میں موجود تھی کہ کالج کا ایک کلاس فور ملازم مبینہ طور پر کمرے میں داخل ہوا اور دروازہ بند کرکے اسے ہراساں کرنے کی کوشش کی۔ طالبہ مزاحمت کرکے کلاس روم سے باہر نکل آئی اور کالج اسٹاف کو واقعے سے آگاہ کیا۔
صحافی کے مطابق طالبہ نے بعد ازاں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کو تحریری شکایت بھی جمع کرائی۔ طالبہ کی جانب سے ایک کلاس فور ملازم اور ایک کلرک کے نام بتائے گئے ہیں، جن کے نام ڈی پی او باجوڑ خان زیب مہمند کو بھی ارسال کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
شکایت کے مطابق طالبہ نے الزام عائد کیا ہے کہ معاملہ سامنے آنے کے بعد اسے خاموش رہنے کے لیے دباؤ کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ مبینہ طور پر ملزم کے تبادلے کے ذریعے معاملہ حل کرنے کی تجویز بھی دی گئی۔
مقامی صحافی کے مطابق طالبہ نے مبینہ سمجھوتے کو مسترد کرتے ہوئے قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
واقعے کے حوالے سے متعلقہ حکام سے شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات اور حقائق سامنے لانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ تاہم واقعے میں عائد الزامات کی آزادانہ سرکاری تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔





