اسلام آباد : خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث ہونے والے جانی نقصان کے پیش نظر اسلام آباد میں 16 اور 17 اگست کو منعقد ہونے والی معرکہ حق اور جشنِ آزادی کی تقاریب ملتوی کر دی گئیں۔
وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کی ہدایت پر ایف نائن پارک میں ہونے والا یہ پروگرام ملتوی کیا گیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ افراد سے اظہار یکجہتی اور امدادی و ریلیف سرگرمیوں پر توجہ مرکوز رکھنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں طوفانی بارشوں، کلاوڈ برسٹ اور سیلابی ریلوں کی وجہ سے اب تک 250 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : گلگت بلتستان میں ایک اور سیاح کی گاڑی لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ گئی
خیبرپختونخوا میں اموات کی تعداد 200 سے زائد ہے، جن میں سے صرف بونیر میں 150 سے زیادہ افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ متعدد افراد لاپتا ہیں۔
حکومت اور امدادی ادارے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور ریسکیو آپریشنز میں مصروف عمل ہیں تاکہ نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔





