برسلز : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے بین الاقوامی تعلقات میں توازن برقرار رکھتے ہوئے کسی ایک دوست ملک کو دوسرے پر ترجیح نہیں دے گا۔
برسلز میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کو چین اور امریکہ دونوں سے تعلقات میں توازن قائم رکھنے کا طویل تجربہ حاصل ہے اور ہم کسی بھی صورت ایک دوست کو دوسرے کے بدلے قربان نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں تبدیلی سے متعلق زیرگردش افواہیں بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں، ایسی باتیں پھیلانے والے نہ صرف حکومت بلکہ ریاستی اداروں کے بھی مخالف ہیں، اللہ تعالیٰ نے مجھے وطن کی حفاظت کا فریضہ سونپا ہے ،کسی اور منصب کی خواہش نہیں۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کی امن کی خواہش جینوئن ہے اسی لئے نوبیل انعام کیلئے نامزد کرنے میں پہل کی، باقی دنیا صدر ٹرمپ کو نوبیل انعام کیلئے نامزد کرنے میں پاکستان کی پیروی کررہی ہے۔
انہوں نے بھارت کو خبردار کیا کہ وہ پاکستان کے امن کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لیے پراکسیز کا استعمال بند کرے اور افغان حکومت کو بھی تلقین کی کہ طالبان کو پاکستانی حدود میں دھکیلنے کی پالیسی سے باز رہے۔
برسلز میں مقیم پاکستانیوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پرتپاک استقبال کیا۔ وہ تقریب کے دوران کئی گھنٹے کھڑے ہو کر مختلف شہروں سے آئے پاکستانیوں سے ملتے رہے۔
انہیں مشورہ دیا گیا کہ ایک ساتھ اتنے افراد سے ملاقات انتشار کا باعث بن سکتی ہے، تاہم فیلڈ مارشل نے کہا کہ وہ ان لوگوں کا دل نہیں توڑ سکتے جو ان سے ملنے دور دراز سے آئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : 40 سے 60 ہزار روپے ماہانہ، نوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی
آخر میں فیلڈ مارشل نے وزیراعظم شہباز شریف کے عزم اور محنت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل ترین حالات میں روزانہ 18، 18 گھنٹے کام کر کے قیادت کا عملی مظاہرہ کیا اور ان کی کابینہ نے بھی بھرپور تعاون کیا جو قابلِ تحسین ہے۔





