خیبر پختونخوا کے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو مؤثر بنانے کے لیے وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر وفاقی وزراء کو ریلیف آپریشنز کی نگرانی کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔ متاثرہ اضلاع میں وفاقی وزراء کی براہ راست شمولیت سے امدادی سامان کی تقسیم اور متاثرہ خاندانوں تک بروقت رسائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر امیر مقام ضلع شانگلہ میں امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری کو ضلع بونیر کی ذمہ داری دی گئی ہے۔وفاقی وزیر سردار یوسف ضلع مانسہرہ میں ریلیف آپریشنز کی سربراہی کریں گے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی مبارک زیب ضلع باجوڑ میں امدادی سامان کی تقسیم کے معاملات دیکھ رہے ہیں۔
قومی ادارے سرگرم، وزیراعظم کی براہ راست نگرانی وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) متاثرہ اضلاع میں سرگرم ہے، جبکہ پاک فوج، ضلعی انتظامیہ اور دیگر امدادی ادارے بھی مکمل ہم آہنگی سے ریلیف آپریشنز میں حصہ لے رہے ہیں۔وزیراعظم آفس کے مطابق وہ خود خیبر پختونخوا میں این ڈی ایم اے کی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں، جبکہ امدادی پیکج کے تحت مزید سامان سے لدے ٹرک مسلسل متاثرہ علاقوں کی طرف روانہ کیے جا رہے ہیں۔
امدادی سامان میں بنیادی ضروریات کی اشیاء شامل ہیں، جن میں خشک راشن، خیمے، ادویات، پینے کا صاف پانی اور ضروری طبی ساز و سامان شامل ہے۔ یہ سامان مقامی ضلعی انتظامیہ کے ذریعے متاثرین تک پہنچایا جا رہا ہے تاکہ شفافیت اور بروقت امداد کو یقینی بنایا جا سکے۔





