سیلاب سے تباہ گھروں کی دوبارہ تعمیر اور تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

سیلاب سے تباہ گھروں کی دوبارہ تعمیر اور تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب سے متاثرہ گھروں کی دوبارہ تعمیر حکومت کی اولین ترجیح ہے اور متاثرہ شہریوں کے مالی نقصانات کا مکمل ازالہ کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ خطرناک مقامات پر موجود آبادیوں کو محفوظ علاقوں میں منتقل کر کے نئی بستیاں بسائی جائیں گی، ان کا کہنا تھا کہ ہم گھر بنا کر دیں گے بستیاں بسا کر دیں گے اور سیلاب کی تباہی کا سو فیصد مقابلہ کریں گے، ان کا کہنا تھا کہ حکومت وعدہ کرتی ہے جس کا جتنا نقصان ہوا ان کو معاوضہ دیا جائے گا۔

علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ سیلاب کے ساتھ کلاؤڈ برسٹ جیسی قدرتی آفات مزید خطرناک ثابت ہوتی ہیں جو پتھر اور درختوں کے ساتھ زبردست تباہی لاتی ہیں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ندی نالوں پر برسوں سے قائم کی گئی تجاوزات سیلابی پانی کی راہ میں رکاوٹ بن کر تباہی کا سبب بنی ہیں، وقت کے ساتھ ندی نالوں کی صفائی نہیں کی گئی جب پانی کو راستہ نہیں ملتا تو وہ باہر نکل کر نقصان کرتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے ڈی آئی خان میں تجاوزات کے خلاف کیے گئے آپریشن کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسی طرز کا آپریشن پورے صوبے میں کیا جائے گا۔

انہوں نے بونیر کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ مارکیٹ ندی کے بیچوں بیچ تھی ہٹانے کی کوشش کی تو عدالت سے سٹے آرڈر آ گیا، اگر وہ مارکیٹ ہٹا دی جاتی تو شاید اتنا بڑا نقصان نہ ہوتا۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل کی ہدایت پر خیبر پختونخوا میں پاک فوج کا امدادی آپریشن جاری

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے عدالتی رکاوٹوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ جب وارننگ دیتے ہیں کہ یہاں سے ہٹ جائیں تو لوگ عدالت چلے جاتے ہیں، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ قبضوں سے گریز کریں اور سوچیں کہ تجاوزات قائم کرکے کیا آپ رزقِ حلال کما رہے ہیں؟

Scroll to Top